ایپل نےفولڈ ایبل فون ’ڈیو‘ بھی متعارف کرا دیا

6

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے 1999 ڈالر مالیت کا فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’آئی فون ڈیو‘ متعارف کرا دیا ہے جو کمپنی کے فلیگ شپ آئی فون میں کئی برس بعد ہونے والی سب سے نمایاں تبدیلی ہے۔

نیا فولڈ ایبل فون پاسپورٹ کے سائز اور شکل کا ہے جس کے کنارے گول ہیں۔ فون کھولنے پر یہ 7.6 انچ چوڑی اسکرین میں تبدیل ہوجاتا ہے جسے افقی اور عمودی دونوں انداز میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ فون بند ہونے کی صورت میں سامنے ایک چھوٹی سنگل اسکرین موجود ہے۔

ایپل کے مطابق فون کھولنے کی صورت میں یہ کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا فون ہے۔

آئی فون ڈیو کی لانچنگ ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنَس کی سربراہی میں ہونے والی پہلی بڑی تقریب بھی ہے۔ کمپنی کے مطابق فولڈ ایبل فون متعارف کرانا فلیگ شپ آئی فون میں 2017 میں آئی فون ایکس سے فزیکل ہوم بٹن ختم کیے جانے کے بعد سب سے نمایاں تبدیلی ہے۔

ایپل کے حالیہ مالی سال میں آئی فون سے 209.6 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی جو کمپنی کی مجموعی فروخت کے نصف سے کچھ زیادہ بنتی ہے۔

ایپل نے آئی فون ڈیو کو کاروباری اور پیداواری سرگرمیوں کیلئے ایک ڈیوائس کے طور پر پیش کیا۔ کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ بڑی سکرین پر متعدد ایپس کی ونڈوز ایک ساتھ چلائی جاسکتی ہیں۔

لانچنگ تقریب کے دوران ایپل نے زوم کالز میں متعدد شرکا کو ایک ساتھ دیکھنے اور میسجنگ ایپ سلیک کے وسیع منظر کو بھی دکھایا۔ بڑی اسکرین کا مقصد صارفین کو ایک ہی وقت میں مختلف ایپس استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے جس کا طریقہ ایپل اپنے بعض آئی پیڈ ماڈلز میں بھی استعمال کرتا ہے۔

جان ٹرنَس نے موجودہ فولڈ ایبل فونز پر تنقید کرتے ہوئے انہیں عام کاموں، خصوصاً اسکرولنگ اور ویڈیو دیکھنے کیلئے غیر موزوں قرار دیا۔ ان کے مطابق آئی فون ڈیو کو جیب میں رکھنے والے ایسے آلے کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو آئی پیڈ جیسا تجربہ فراہم کرے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے کسٹم ہنج، یکساں اسپیکٹ ریشو والی دو اسکرینز اور ٹائٹینیم باڈی استعمال کی گئی ہے۔

جان ٹرنَس نے کہا کہ یہ فون مکمل طور پر نیا ہونے کے باوجود غیر معمولی طور پر مانوس محسوس ہوتا ہے جبکہ پاسپورٹ کے قریب سائز ہونے کی وجہ سے اسے ہاتھ میں پکڑنا اور ایک ہاتھ سے استعمال کرنا آسان ہے۔

ایپل کے مطابق آئی فون ڈیو میں اے 20 چپ استعمال کی گئی ہے جو فون کی اسکرینز کو چلانے کیلئے کام کرے گی جبکہ نیا سی ٹو موڈیم چپ بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ موڈیم ایپل نے خود ڈیزائن کیا ہے ۔

تجزیہ کار پاؤلو پیسکیٹور کے مطابق ایپل نے فولڈ ایبل فون کے ذریعے پریمیم مصنوعات کی ترقی کیلئے نیا موقع پیدا کیا، ایک نئی آمدنی کی راہ کھولی اور آئی فون کے کاروبار میں نئی رفتار پیدا کی۔ تاہم پریزنٹیشن کے اختتام پر ایپل کے حصص میں 1.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

جان ٹرنَس کا پرائیویسی پر زور
لانچنگ تقریب کے آغاز میں سابق چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے ایک ویڈیو کے ذریعے جان ٹرنَس کو قیادت سونپنے کا اشارہ دیا۔ ویڈیو کے اختتام پر ٹم کک نے جان ٹرنَس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ان کی ذمہ داری ہے۔

جان ٹرنَس نے آئی فون پلیٹ فارم کو پرائیویسی پر توجہ دینے والے ذاتی مصنوعی ذہانت کے مرکز کے طور پر پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر کمپنیاں ذاتی ڈیٹا جمع اور محفوظ کرنا چاہتی ہیں جبکہ ایپل انٹیلی جنس جہاں ممکن ہو ڈیوائس پر ہی چلتی ہے۔

ایپل کی اے آئی مصنوعات کی نگران لیلین رنکون نے اپ ڈیٹڈ سری اسسٹنٹ بھی متعارف کرایا جو لانچ کے وقت 3 لاکھ ایپس کے ساتھ کام کرے گا۔

ایئرپوڈز اور ایپل واچ بھی متعارف
ایپل نے نئے ایئرپوڈز بھی متعارف کرائے جن کی قیمت 129 ڈالر سے شروع ہوگی۔ ان میں پہلی مرتبہ بجٹ ایئربڈز لائن کیلئے نوائس کینسلیشن شامل کی گئی ہے، جبکہ 149 ڈالر کا ماڈل وائرلیس چارجنگ اور اسٹیم پر سوائپ کرکے والیوم کم یا زیادہ کرنے جیسی اضافی سہولیات کے ساتھ ہوگا۔

کمپنی نے ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی متعارف کرائیں، جنہیں صحت سے متعلق نمایاں اپ گریڈز کے ساتھ پیش کیا گیا۔ نئی گھڑیوں میں دوبارہ ڈیزائن کیا گیا سینسر سسٹم شامل ہے جو پہلے کے مقابلے میں زیادہ بار دل کی دھڑکن ریکارڈ کرتا ہے اور ریکوری اور فٹنس سے متعلق نئی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں