فیصل آباد: ایف آئی اے کی منٹگمری بازار اور رحمانیہ روڈ پر بڑی کارروائی، حوالہ ہونڈی کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے برآمدفیصل آباد (نیوز ڈیسک): فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے غیر قانونی حوالہ ہونڈی اور فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ (FERA) کی خلاف ورزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے قبضے سے 4 کروڑ روپے سے زائد کی نقدی اور موبائل فونز برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ منٹگمری بازار فیصل آباد میں “زیڈ اے ٹریڈرز” (ZA Traders) نامی دکان کی آڑ میں حوالہ ہونڈی کا غیر قانونی کاروبار چلایا جا رہا ہے۔ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر وسیم اکرم خان کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ریڈنگ ٹیم نے منٹگمری بازار میں چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران موقع سے زین العابدین ولد محمد سرور کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 13 لاکھ 15 ہزار روپے نقدی اور 2 موبائل فونز برآمد ہوئے۔ ملزم کے موبائل کی تلاشی لینے پر حوالہ ہونڈی سے متعلق انتہائی اہم اور مشکوک چیٹس، وائس نوٹس اور ڈیجیٹل ثبوت برآمد ہوئے۔گرفتار ملزم کا انکشاف پر ایف آئی اے ٹیم نے رحمانیہ ملز، رحمانیہ روڈ پر واقع ایک گودام پر دوسری کارروائی کی، جہاں سے مرکزی ملزم کے والد محمد سرور، بھائی محمد اویس اور اکاؤنٹنٹ کامران کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے قبضے سے 3 کروڑ 86 لاکھ 92 ہزار 400 روپے نقدی، 5 موبائل فونز اور بینک ٹرانزیکشنز کی رسیپٹس برآمد کی گئیں۔ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران کل 4 کروڑ 8 لاکھ 7 ہزار 400 روپے نقدی، تمام برآمد شدہ موبائل فونز اور دیگر ریکارڈ کو تحویل میں لے کر ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات (5, 8, 23 FERA 1947 r/w 109 PPC) کے تحت ایف آئی آر نمبر 29/26 درج کر لی ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کیس کی مزید تفتیش انسپکٹر وسیم اکرم خان کے سپرد کر دی گئی ہے اور اس میں ملوث دیگر عناصر کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔
166






