25

سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ماحول دوست پانی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیصل آباد میں پانی کے دو بڑے منصوبوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے ڈنمارک کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے 33 ملین گیلن یومیہ استعداد کے ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور فرانس کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے 30 ملین گیلن یومیہ استعداد کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں سے منسلک تمام تعمیراتی کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کئے جائیں۔ صوبائی سیکرٹری ہائوسنگ نے کہا کہ دونوں منصوبے فیصل آباد کے لئے گیم چینجر ثابت ہوں گے اور شہر کی بڑی آبادی کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومیہ 25 ملین گیلن استعداد کا سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ جھال واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی توسیع کے ذریعے پانچ ملین گیلن پانی سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری ہائوسنگ نے مزید کہا کہ دونوں منصوبوں کی مجموعی استعداد 63 ملین گیلن یومیہ ہے، جس سے 13 لاکھ سے زائد شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر آئے گی۔ دورے کے دوران منصوبوں پر تعینات چینی ماہرین نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو منصوبوں کی پیش رفت اور مختلف تکنیکی امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایم ڈی واسا فیصل آباد ثاقب رضا بھی سیکرٹری ہاؤسنگ کے ہمراہ تھے اور انہوں نے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں