
آبنائے سنگاپور میں بڑے مال بردار جہاز کی چینی ماہی گیر کشتی کو زوردار ٹکر سے چینی کشتی الٹنے سے بال بال بچ گئی۔
’’جیوز نیوز ‘‘ کے مطابق چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے جمعرات کی شام پیش آیا جب پاناما کے پرچم بردار 229 میٹر طویل بلک کیریئر ’’فرسٹ مارگو‘‘ نے 49 میٹر لمبی چینی ماہی گیر کشتی ’’لوقنگ یوانیو 108‘‘ کو ٹکر ماری۔
دونوں جہازوں نے اس روز صبح تقریباً ایک ہی وقت میں سنگاپور سے روانہ ہو کر’’ٹریفک سیپریشن سکیم‘‘ کے تحت مغرب کی جانب جانے والے ایک ہی چینل میں سفر شروع کیا تھا۔
ماہی گیر کشتی سے بنائی گئی حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کارگو جہاز چینی کشتی کو زوردار ٹکر مارتا ہے جس سے ماہی گیر کشتی گھوم جاتی اور سمندر کا پانی ڈیک پر آجاتا ہے جبکہ عملے کے ارکان ریلنگ سے چمٹے نظر آتے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور سنگاپور کی میری ٹائم اتھارٹی نے تاحال اس پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تصادم کے بعد بھی چینی کشتی کا ’’خودکار شناختی نظام‘‘ (AIS) سگنل نشر کرتا رہا اور اتوار تک اسے ٹریک کیا جا رہا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشتی اس حادثے میں بچ گئی اور بعد ازاں قریبی برتھ پر پہنچنے میں کامیاب رہی۔






