فیصل آباد میں فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مدن پورہ میں کارروائی کرتے ہوئے مضرِ صحت چربی سے تیار کیے جانے والے آئل کی ترسیل کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ٹیموں نے مدن پورہ میں قائم ایک وئیر ہاؤس پر چھاپہ مارا، جہاں سے 800 لٹر چربی سے تیار کردہ آئل برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا اور گودام کو بند کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران آئل میں لازم میٹانل ڈائی نامی کیمیکل موجود نہ ہونے کے ساتھ دیگر اہم ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا۔ سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ یونٹ سے برآمد ہونے والے آئل کا سیمپل مزید تفصیلی جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اور مضرِ صحت چربی سے تیار ہونے والے آئل کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ چربی سے نکالے گئے آئل کو صرف صابن بنانے یا بائیو ڈیزل کمپنیوں کے استعمال کی اجازت ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ فوڈ فراڈ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







