پی ٹی آئی نے 2 ماہ کا وقت اپنی تیاری کے لیے لیا لیکن تیاری حکومت نے کرلی، اب 4 اکتوبر کو بھی مارچ نہیں ہوگا: شیر افضل مروت کا دعویٰ

51

سابق پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے دو ماہ کا وقت اپنی تیاری کے لیے لیا لیکن تیاری حکومت نے کرلی ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تیاری نہیں کی اور کہا کہ مارچ 4 اکتوبر کو کریں گے، سہیل آفریدی نے مارچ مؤخر کرکے کہا کہ ہمارے ساتھ بات کرلیں یہ اپنی کمزور پوزیشن کا اظہار کر رہے ہیں، اب 4 اکتوبر کو بھی مارچ نہیں ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے وجہ نہیں بتائی کہ مارچ 4 تاریخ تک کیوں گیا انہوں نے تو 27 تاریخ کو نہ نکلنے کی بھی کوئی وجہ نہیں بتائیں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ مارچ کبھی ہونے والا نہیں تھا ارادہ ہوتا تو تیاری کی جاتی۔

پروگرام میں شریک بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مارچ سے متعلق جو تیاری تھی سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی مارچ کے ذریعے کیا کرنی چاہتی ہے یہ زیادہ اہمیت رکھتا ہے، پی ٹی آئی نے کے پی میں بری کارکردگی چھپانےکے لیے مارچ کی باتیں کی گئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورننس کے حالات سب کے سامنے ہیں، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ہورہی ہے، شہری شہید ہورہے ہیں، صوبے میں جو حالات ہیں اس کو چھوڑ کر دوسری باتیں کی جارہی ہیں۔

دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو جب بھی موقع ملا ملک پر حملہ کیا اور اسے کمزور کیا، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں